بھارت :ہر 25 منٹ میں ایک شادی شدہ خاتون کی خودکشی رپورٹ
بھارتی حکومت کے نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے حال ہی میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال 22 ہزار 372 شادی شدہ خواتین نے اپنی جان لے لی ،جو کہ اوسطاً ہر روز 61 خودکشی یا ہر 25 منٹ میں ایک خودکشی ہے۔رپورٹس کے مطابق 2020 میں بھارت میں ایک لاکھ 53 ہزار 52 خودکشیاں ہوئیں جن میں سے 14.6 فیصد شادی شدہ خواتین تھیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق این سی آر بی نے 1997 سے خودکشی کے اعداد و شمار مرتب کرنا شروع کیے جس کے مطابق ہر سال بھارت میں 20ہزار سے زیادہ شادی شدہ خواتین خود کشی کر رہی ہیں جبکہ 2009 میں ان کی تعداد 25 ہزار سے بھی بڑھ گئی تھی۔رپورٹس میں ہمیشہ خودکشیوں کا الزام خاندانی مسائل یا شادی سے متعلق مسائل پر لگایا جاتا ہے لیکن حقیقت میں ہزاروں خواتین کو اپنی جان لینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔دماغی صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں شادی شدہ خواتین کی خودکشیوں کی ایک بڑی وجہ گھریلو تشدد ہے۔حال ہی میں ایک سروے میں 30 فیصد شادی شدہ خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں شوہر کی جانب سے تشدد کا سامنا ہے جس کی وجہ سے ازدواجی زندگی گھٹن کا باعث بن جاتی ہے۔ بھارتی ماہر نفسیات ڈاکٹر اٰ±شا ورماکا کہنا ہے کہ زیادہ تر لڑکیوں کی شادی 18 سال کی عمر میں ہوجاتی ہے جس کے بعد وہ بیوی اور بہو بنتی ہیں اور اپنا سارا دن گھر میں کھانا پکانے، صفائی ستھرائی اور گھر کے کاموں میں گزارتی ہیں اور ان پر ہر طرح کی پابندیاں بھی لگائی جاتی ہیں۔