وہ 5 ریکارڈز جو لیونل میسی ورلڈکپ فائنل میں اپنے نام کرسکتے ہیں

فیفا فٹبال ورلڈکپ 2022 کا قطر میں اختتام ہورہا ہے اور متعدد نئے ریکارڈز بھی بننے کے قریب ہیں۔ارجنٹینا کے کپتان اور اسٹار فٹبالر لیونل میسی فرانس کے خلاف اس فائنل میں متعدد ریکارڈز اپنے نام کرسکتے ہیں یا برابر کرسکتے ہیں۔ایک ریکارڈ تو لیونل میسی فائنل کے لیے اسٹیڈیم میں قدم رکھتے ہی قائم کردیں گے۔
لیونل میسی نے اب تک ورلڈکپ کے 25 میچز میں شرکت کرکے جرمنی کے لوتھر میتھیوز کے سب سے زیادہ میچز کے ریکارڈ کو برابر کردیا ہے۔
اب فائنل میچ کے لیے اسٹیڈیم میں داخل ہوتے ہی لیونل میسی سب سے زیادہ 26 ورلڈکپ میچز کھیلنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیں گے۔
برازیل کے لیجنڈ فٹبالر پیلے نے ورلڈکپ کیرئیر میں 12 گولز خود کیے اور 10 کے لیے معاونت فراہم کی، یعنی مجموعی طور پر 22 گولز میں انہوں نے کردار ادا کیا۔
لیونل میسی اب تک ورلڈکپ مقابلوں میں 11 گولز خود کرچکے ہیں جبکہ 9 گولز میں معاونت فراہم کی۔
اگر وہ مزید 2 گولز خود کرتے ہیں یا معاونت کرتے ہیں تو وہ پیلے کے ریکارڈ کو برابر کردیں گے جبکہ 3 گولز سے وہ یہ ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔