کشمیری تن تنہا ہندوستانی قابض فوج اوراس کےایجنٹوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ محمد فاروق رحمانی
جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چئیرمین محمد فاروق رحمانی نے مزار لعل شہباز قلندر'پشاور اور لاہور میں دہشت گرد حملو ں اورخود کش دھماکوں کی وجہ سے قیمتی انسانی جا نوں کے ضیاع پر شدید رنج و غم اور افسوس کا اظہار کر تے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سر زمین کو غیر مستحکم کر نے اور عوام کوہراساں کرنے کے لیے خطے کے دہشت گرد منصوبہ سازوں نے عالمی دہشت گردوں کے ساتھ یکساں اور مشترکہ منصوبے تیار کئے ہیں۔پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اس خطے اور اسلامی دنیا میں قیام امن اور آزادی کی تحریکوں کے لیے اقوام متحدہ اورعالمی مسلم تنظیموں میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر ایک اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس لیے مختلف استعماری عناصر نے اس ملک کو نقصان پہنچا نے کی سازشیں تیار کی ہیں۔ جن پر کافی وقت سے عمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے ان سازشوں کے نتیجے میں شہید ہو نے والے خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہو ئے کہا کہ کشمیری عوام پہلے ہی ان چالوں کو سمجھ چکے ہیں اور تن تنہاہندوستانی قابض فوج اور اس کے ایجنٹوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی اس اندرونی اور بیرونی لہر کا مقابلہ کر نے کے لیے اس خطے اور اقوام متحدہ کی ایک کانفرنس بلائی جائے اور ایسے عناصرکی سازشوں کو بے نقاب کیا جائے اور ان کے سرپرستوں کی نشان دہی کر کے ان کا قلع قمع کیا جائے۔