بھارتی الزامات خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہیں: تہمینہ جنجوعہ
اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ پاکستان تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان پر بھارتی الزامات خطے کے امن کے مفاد میں نہیں ہیں۔ بھارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر متضاد مواد کو جواز بنانا حقائق کے برخلاف ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ حملے کے بعد بھارت کے پاکستان پر الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفیروں کو تیسرے روز بھی بریفنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ تیسرے روز افریقی سفیروں کو بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ بھارت ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔ترجمان دفتر خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بریفنگ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ دفتر خارجہ میں بریفنگ کا مقصد بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کے بعد لگائے گئے بے جا الزامات پر حقاق بیان کرنا تھا۔دو روز قبل بھارت کی جانب سے پلوامہ حملے کا الزام پاکستان پر لگانے پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا۔پاکستان نے بھارت پر واضح کیا کہ بھارت نے دھماکے کی تحقیقات بھی نہیں کیں اور پاکستان پرالزام لگا دیا۔ جیش محمد کالعدم جماعت ہے اور پاکستان کا اس سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
پاکستان نے واضح کیا کہ حملے کے مبینہ حملہ آوروں کا تعلق پاکستان سے نہیں بلکہ بھارت کے زیر تسلط علاقے سے ہے۔