یمن میں عرب اتحاد کی عسکری کارروائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔ امریکا
امریکا نے یمن میں عرب اتحاد کی القاعدہ کے خلاف جاری کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے یمن میں جاری آپریشن کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔امریکی سینٹرل کمان کے ڈپٹی ڈائریکٹر ابوظبی میں غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک یمن میں القاعدہ کے خلاف عرب اتحاد کی عسکری کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یمن میں قیام امن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا سعودی عرب کی ہرممکن مدد کرتا رہے گا۔ انہوںنے مزیدکہا کہ یمن میں جاری فوجی آپریشن میں دہشت گردوں کو زیادہ سے زیادہ جانی ومالی نقصان پہنچانے اور شہری آبادی کے کم سے کم نقصان کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کی خصوصی معاونت کرے گا۔امریکی عہدیدار نے ان خیالات کا اظہار متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت میں منعقدہ 'آئیڈیکس' نمائش میں شرکت کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ داعش اور القاعدہ ہماری کارروائیوں کا خصوصی مرکز ہیں اور ان کی سرکوبی کے لیے ہم اتحادی ممالک کو ہرممکن مدد فراہم کریں گے۔امریکی عسکری عہدیدار کا کہنا تھا کہ شام سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد بھی امریکا داعش کے خلاف آپریشن جاری رکھے گا۔