یوسف رضا گیلانی کے لئے سینٹ الیکشن کی تمام رکاوٹیں ختم

پی ڈی ایم کے مشترکہ سینٹ کے الیکشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے خلاف اعتراضات مسترد ہوگئے۔ریٹرننگ آفیسر نے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن لڑنےکے لئےاہل قرار دے دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے اسلام آباد میں سینیٹ انتخابات کے لئے مقرر ریٹرننگ آفیسر نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پرتحریک انصاف کےاعتراضات پر گزشتہ روز سماعت مکمل کرکے فیصلہ آج تک کے لیے محفوظ کیا تھا۔ ریٹرننگ آفیسر نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی پر تحریک انصاف کےاعتراضات مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن لڑنے کے لئےاہل قرار دے دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے فرید رحمان کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے، وزیر اعظم کے حلف کی خلاف ورزی کرنے پر نااہلی تاحیات ہے، ان کے خلاف نیب میں ریفرنس زیر التوا ہیں ، اس لئے انہیں سینیٹ انتخابات لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی اسلام آباد سے سینیٹ کی عمومی (جنرل) نسشت کے لیے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار ہیں۔