وزیراعظم کا افغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھنے کا اعلان
مسعود فاؤنڈیشن افغانستان کے سربراہ احمد ولی مسعود نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے مرحوم احمد شاہ مسعود کی خدمات کو سراہا، وزیراعظم نے افغان امن عمل میں پاکستانی کردار سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات دیرینہ، بردارانہ، ثقافت اور ایمان پر مبنی ہیں،افغانستان تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں تھا،مذاکرات پر مبنی سیاسی تصفیہ ہی افغان تنازعے کا حل ہے،افغانستان میں امن کی افغانیوں کے بعد سب سے زیادہ خواہش پاکستان کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی طالبان معاہدے کی پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے اور ہم انٹرا افغان مذاکرات کی حمایت جاری رکھیں گے،انٹرا افغان مذاکرات افغان قیادت کے لیے تاریخی موقع ہے، افغانستان میں امن سے خطے کو فائدہ ہوگا اور افغانستان میں امن سے تجارت، ترقی سمیت خطے کو معاشی فائدے حاصل ہوں گے۔