سی پیک منصوبے کے تحت ایگر ی کلچرکے شعبے میں بھی بھرپور کام کیا جائے گا:چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ
چیئرمین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل(ر)عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ چین سے زرعی ریسرچ میں معاونت کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ جمعرات کو گورنر ہائوس لاہور میں ایگریکلچر کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام، چیئر مین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لئے جد ید ٹیکنالوجی کو استعمال کرنے کیلئے سفارشات تیار کی گئیں۔ چیئرمین سی پیک عاصم سلیم باجوہ نے کمیٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ کمیٹی نے کپاس کے کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سبسڈی کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر منصوبہ شروع کرے گی، کپاس کے نئے بیچ کی تیاری کیلئے چین اور دیگر ممالک سے مدد لی جائے گی، وفاقی اور صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ محکمے کپاس کے کاشتکاروں کیساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کیلئے خصوصی طور پر ایگری کلچر اتاشی کی تقرری کر دی ہے، سی پیک منصوبے کے تحت ایگر ی کلچرکے شعبے میں بھی بھرپور کام کیا جائے گا۔وفاقی وزیر خوراک سید فخر امام نے کہا کہ کپاس کاشت کرنیوالوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، کپاس کی پیداوار اچھی ہو گی تو ٹیکسٹائل انڈسٹری ترقی کرے گی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت حسنین جہانیاں گردیزی نے بھی مختلف امور بارے بریف کیا۔