پی پی،نون لیگ اوپن بیلٹ سے ایوان بالامیں شفاف انتخاب کا وعدہ پورا کریں: قائد ایوان سینٹ ڈاکٹر شہزاد وسیم
سینٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون پر زور دیا ہے کہ وہ سینٹ میں اوپن بیلٹنگ کے ذریعے شفاف انتخابات کا اپنا وعدہ پورا کریں۔جمعرات کے روز اسلام آباد میں معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم سینٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔شہزاد وسیم نے متعلقہ قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی اور سینٹ کی پچھلی سفارشات ہمارے موقف کی تائید کرتی ہیں۔
ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار تحریک انصاف کی حکومت نے سینٹ الیکشن میں شفافیت کا جراتمندانہ قدم اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ اور پیسے کی سیاست کیلئے اوپن بیلٹنگ کی مخالفت کر رہی ہے۔شہباز گل نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ اور پیسے کے استعمال کے خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے۔انہوں نے گوجرانوالہ سے رکن پنجاب اسمبلی کے خلاف مسلم لیگ نون کے رہنما کیپٹن (ر) محمد صفدر کے نازیبا بیان کی مذمت کی۔