آرمی چیف جنرل عاصم منیر کراچی پہنچ گئے، کراچی پولیس آفس کا دورہ۔ آئی ایس پی آر
)آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کراچی پولیس آفس (کے پی او) کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کے پی او کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور کور کمانڈر کراچی بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کراچی پولیس چیف آفس کا دورہ کیا، آرمی چیف اور وزیراعلیٰ سندھ کو پولیس آفس حملے سے متعلق کور ہیڈکوارٹرز میں بریفنگ دی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور وزیراعلیٰ سندھ نے حملے میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا دہشت گردوں کا کوئی مذہب یا نظریہ نہیں ہوتا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شارع فیصل پر واقع کراچی پولیس چیف کے دفتر پر ہونے والے حملے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ حملے میں 3 سکیورٹی اہلکار اور ایک سویلین بھی شہید ہوا تھا۔