ہماری جماعت استعفے دے کر پیپلز پارٹی کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑسکتی۔ احسن اقبال
اسلام آباد میں راجہ فاروق حیدر کےہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اگر ہم نے استعفے دے کر پیپلز پارٹی کے لیے میدان خالی کر دیا تو اس سےحکومت کو فائدہ ہو گا اور وہ اپنی مرضی کے مطابق الیکشن کرائے گی۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکمران پارلیمنٹ اور جمہوریت کو کرپشن کیسز سے بچنے کے لیے استعمال کررہے ہیں۔ اگر سوئٹزر لینڈ میں ان کے کاروبار کا پیسہ ہے تو اس کے ثبوت پیش کریں ورنہ وہ پیسہ قوم کا ہےاور اسے ملک میں واپس آنا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون ملک میں جمہوری طریقے سے تبدیلی کی خواہش مند ہے اور اس کے لیے جدو جہد کررہی ہے۔ جب ہم نے یہ محسوس کیا کہ ہمارے استعفے دینے سے تبدیلی آ سکتی ہے تو ایک سکینڈ میں مستعفی ہو جائیں گے۔ اس موقع پر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پولیس کو مطلوب شیخ حمید کو ریڈ کریسنٹ کا چیرمین بنا دیا گیا ہے۔ اگر ریاض اختر چوہدری کو احتساب بیورو کا چیرمین مقرر کیا گیا تو عدالت جائیں گے۔ دوسری جانب مسلم کانفرنس اور دیگر جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ایک سو سے زائد نوجوانوں نے مسلم لیگ نون آزاد کشمیر میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔