ملک کے بیشترعلاقوں میں سردی کا راج ہے، آج سب سے زیادہ سردی سکردو میں ہے، جہاں پارہ منفی11تک گر گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک ہے، تاہم پنجاب کے میدانی علاقے دوپہر تک دھند کی لپیٹ میں رہے، لوگوں کو ڈرائیونگ میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، دوسری طرف شمالی علاقوں میں برفباری نے ہر شے جما کر رکھ دی ہے، جس سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں، آج سب سے زیادہ سردی سکردو میں ہے، جہاں پارہ منفی گیارہ تک گر گیا ہے، آج استور میں درجہ حرارت منفی آٹھ، گوپس منفی چھے، پاراچنار اور ہنزہ منفی پانچ، کالام منفی چار، قلات، گلگت، دیر، کوئٹہ اور راولاکوٹ منفی تین، مالم جبہ منفی دو، جبکہ مری، ژوب اور دالبندین میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر بالائی علاقوں گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد، بالائی خیبر پی کے، بالائی فاٹا اور شما لی پنجاب میں مطلع ابرآلود رہےگا، تاہم آج رات مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کی بھی توقع ہے، اگلے دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا سلسلہ جاری رہے گا، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔