کوئٹہ:FC کی گاڑی کے نزدیک بم دھماکہ,5ایف سی اہلکار شہید, دو زخمی ۔

کوئٹہ میں امن دشمن ایک بار پھر حرکت میں آگئے۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں شدت آگئی۔ کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دہشتگردوں نے سڑک کنارے بم نصب کررکھا تھا۔ ایف سی کی گاڑی کے قریب سے گزرنے پر بم دھماکے سے پھٹ گیا جس سے پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ دھماکے میں زخمی ہونیوالے ایف سی اہلکارو کو طبی امداد کیلئے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔ دھماکے کےبعد ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کرلیا۔ دھماکے میں ملوث دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کیلئے سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ کوئٹہ میں گزشتہ ہفتے بھی انسداد پولیو مرکز کے قریب دہشتگردوں کے حملے میں چودہ پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔