پنجاب حکومت نے خود مختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیدیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنجاب کے 4 بڑے ڈویژنز میں سہولت مراکز برائے اوورسیز پاکستانیز کے قیام کی منظوری دے دی ۔بدھ کو لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دیار غیر میں بسنے والے پاکستان کے عظیم سفیر ہیں ، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے خود مختار اوورسیز پاکستانیز کمیشن تشکیل دیا ہے ۔ ان سہولت مراکز میں اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل کیلئے تھانے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ڈیسک بنائے جائیں گے ، یہ سہولت مراکز ڈیرہ غازی خان ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژنوں میں بنائے جائیں گے ۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان سہولت مراکز کے قیام سے اوورسیز پاکستانیوں کو ان کی شکایات کے ازالہ کیلئے ون ونڈو سہولت میسر آئے گی ۔