اسلام آباد کی احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس پر آئندہ سماعت میں مزید چار گواہان کو طلب کرلیا
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی۔ نیب پراسیکیوٹر عمران شفیق اور افضل قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔ جج نے استفسار کیا کہ عدالتی کارروائی پر ہائیکورٹ نے جو حکم امتناع دے رکھا تھا اس کا کیا بنا۔ نیب پراسیکیوٹر نے آگاہ کیا کہ اسحاق ڈار کی مرکزی پٹیشن ہائیکورٹ سے خارج ہو گئی ہے۔ انہوں نے اثاثہ جات ریفرنس کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا کہ اس ریفرنس میں اٹھائیس میں سے دس گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں۔ جج محمد بشیر نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر زیادہ سے زیادہ گواہان کو بلایا جائے۔ عدالت نےآئندہ سماعت پر استغاثہ کے چار گواہان کو طلب کر لیا۔ ریفرنس پر مزید سماعت چوبیس جنوری کو ہوگی۔ عدالت میں اسحاق ڈار کی جانب سے ہجویری ٹرسٹ کے منجمد اکاؤنٹ کی بحالی کیلئے درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔ احتساب عدالت نے نیب کو اسحاق ڈار کی جانب سے دائر اعتراضات کا جواب داخل کرانے کیلئے آخری مہلت دیدی۔ درخوات پر مزید سماعت بائیس جنوری تک ملتوی کردی گئی۔