مانگے تانگے کے پیسے سے آنکھوں پر پٹی باندھ کر 309 ارب روپے بانٹے جا رہے ہیں،شہباز شریف
اسلام آباد : چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ایک بار پھر مومند ڈیم کا ٹھیکہ الاٹ کرنے میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کے لئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مانگے تانگے کے پیسے سے آنکھوں پر پٹی باندھ کر 309 ارب روپے بانٹے جا رہے ہیں اور وزیراعظم کے مشیر کو نوازا جا رہا ہے۔ کمیٹی اس معاملے پر ایک ہفتہ میں رپورٹ پیش کرے۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ 309 ارب روپے لاگت کا مومند ڈیم کا منصوبہ پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیا گیا۔ سنگل بولی پر ٹھیکہ دے دیا گیا۔ ایسا کیسے ہو سکتا ہے۔ رزاق داؤد میرے بھی مہربان ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ کسی کو 309 ارب روپے کا منصوبہ قواعد کے برعکس دے دیا جائے۔ کمیٹی تحقیقات کر کے رپورٹ ایک ہفتے میں ایوان میں پیش کرے۔ وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا کہ وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا اس بارے جواب دیں گے۔