ایل او سی : بھارتی اشتعال انگیزی پر پاک فوج کا منہ توڑ جواب، 3 بھارتی فوجی ہلاک
لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارت کے 3فوجی ہلاک ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیہ کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول پر کھوئی رٹہ اور کوٹ کھتیرہ سیکٹر میں شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔
جوابی کارروائی میں پاک فوج کی جانب سے بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بناکر مؤثر جواب دیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 3 بھارتی فوجیوں کے ہلاک اور 2 کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھارتی پوسٹ کو بھی نقصان پہنچ.
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز کی فائرنگ سے محمد مشتاق نامی شہری زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔