مجھے عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ پنجاب ہونے پر کوئی اعتراض نہیں، فواد چوہدری
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کراچی کو فنڈزنہیں دے رہے، تمام اضلاع کو فنڈز دینے کے لیے صوبائی سطح پر فنانس کمیشن ہونا چاہیے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وفاق پر فنڈزکے حوالے سے زیادہ بوجھ ہے، این ایف سی ایوارڈ کا 60 فیصد حصہ صوبوں،40 فیصد مرکز کو ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب کو تباہ کیا، وزیراعلیٰ پنجاب کی نامزدگی وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے، مجھے عثمان بزدار کے وزیراعلیٰ پنجاب ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے انتخابات جیتے تھے، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر میں نے قومی اسمبلی کی نشست برقرار رکھی۔