وزیر خارجہ اور امریکی ہم منصب کا علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کے خطے میں امن کے فروغ اور موجودہ کشیدہ صورتحال کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار امریکہ کے وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے واشنگٹن میں باتیں کرتے ہوئے کیا۔دونوں رہنمائوں نے پاک امریکہ دوطرفہ تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال، افغان امن عمل اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔وزیرخارجہ نے اس بات پرافسوس کااظہارکیاکہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ وادی میں سخت کرفیو اور دوسری پابندیاں عائد کرکے لاکھوں کشمیریوں کومحصورکررکھاہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے دنیا سے حقائق چھپانے کے لئے مقبوضہ وادی میں ذرائع ابلاغ پر پابندیاں عائدکررکھی ہیں۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدارامن واستحکام کے قیام کے لئے کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادو ں کے مطابق حل ناگزیرہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان دیرینہ افغان تنازع کے سیاسی حل کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔امریکی وزیرخارجہ نے امن تنازع کے سیاسی حل کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوںکو سراہا