نواز شریف کی وطن واپسی میں کوئی دلچسپی نہیں: شیخ رشید
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کے محکمے میں مارچ میں ایک لاکھ نوکریاں نکلیں گی،مارچ میں ریلوے میں بڑی تعداد میں لوگ ریٹائرڈ ہوں گے،سی پیک کا پی سی ون اکتوبر کو جمع کرا دیا،مارچ سے پہلے منظوری ہو جائے گی،24 کروڑ ڈالر 10 سال کےعرصےمیں واپس ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہت ساری افواہیں چل رہی ہیں لیکن کچھ نہیں ہوگا، شہباز شریف اور مریم نواز کے خلاف سنجیدہ کیسز آنے والے ہیں، نوازشریف کی وطن واپسی میں کوئی دلچسپی نہیں، شہبازشریف جس کام کیلئےلندن گئےہیں انہیں وہ کرنے دیں، شہباز شریف میری پارٹی کا آدمی ہے جب میں کہوں تب واپس آئے گا، نیب ختم نہیں ہو گا نہ ہی پرانے کیسز ختم ہوں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے الیکشن کمشنر کا معاملہ بھی اتفاق رائے سے حل ہو گا،مسائل ہیں،مہنگائی ہے،لیکن عمران خان کے علاوہ کوئی متبادل نہیں، عوام سے کہتا ہوں ڈیڑھ سال کا اور وقت دیں،عمران خان کے ساتھ سائے کی طرح کھڑا ہوں، جب تک عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں میں ان کے ساتھ ہوں، میں سمجھتا ہوں کشمیر کے مسئلے پر ہم نے کمزوری دکھائی، مسئلہ کشمیر پر پاکستانیوں نے تاریخی ردعمل دیا، شام، لیبیا اور یمن سے پھیلتی ہوئی جنگ بڑھتی جا رہی ہے،پاکستان نے امریکا ایران چپقلش میں بھی ذمےداری کا مظاہرہ کیا۔