اسحاق ڈار کو مفرور قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں دائر
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو عدالتی مفرور قرار دینے کے معاملہ پر اسحاق ڈار کے وکیل نے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کردی، اسحاق ڈار نے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ اپیل آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کی جائے،مفرور قرار دینے کے فیصلے کے خلاف اپیل پر جلد سماعت نہ ہوئی تو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، 21نومبر 2017 کے احتساب عدالت کے فیصلے کے بعد اثاثے ضبط کرلیے گئے جبکہ تمام اثاثوں کو نیلامی پر لگادیا گیا۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ بطور شہری عدلیہ کا احترام کرتا ہوں،احتساب عدالت میں پیش ہوتا رہا، علالت کے باعث باہر جانا پڑا۔عدالت سے استدعا ہے کہ احتساب عدالت کے مفرور قرار دینے کے فیصلے کو معطل کرے۔