پی آئی ڈی سی سے میٹرو پول جانے والی سڑک ون وے کردی گئی
کراچی : پی آئی ڈی سی سے میٹرو پول جانے والے کلب روڈ پر دو طرفہ ٹریفک بند کرتے ہوئے اسے یکطرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے، شہری اب اس سڑک کو پی آئی ڈی سی سے میٹروپول جانے کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں کراچی کے ریڈ زون میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے پی آئی ڈی سی سے میٹرو پول جانے والے کلب روڈ کو ایک سائیڈ سے بند کردیا گیا ہے۔ رواں ماہ نو جنوری کو کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ18جنوری سے کلب روڈ پر دو طرفہ ٹریفک بند کردیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ 4 لین پر مشتمل سڑک پر یکطرفہ ٹریفک کو اجازت ہوگی، میٹرپول سے پی آئی ڈی سی جانے کی اجازت ہوگی جبکہ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول جانے کے لیے سڑک بند ہوگی، شہریوں کی جانب سے متبادل کے طور پر ایوان صدر اور ایم آر کیانی روڈ کو استعمال کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کمشنر کراچی افتخار شالوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کراچی افتخار شلوانی کے مطابق پی آئی ڈی سی پر ٹریفک کے دباؤ کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے، کلب روڈ پر ٹریفک پولیس نے سائن بورڈ بھی آویزاں کر دیے ہیں۔