اسرائیل کی جیلوں میں قید فلسطینی شہری کورونا کا شکار ہو نے لگے

اسرائیل کی رامون اور نقب جیلوں میں قید فلسطینی شہریوں میں کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے ۔فلسطینی تنظیم اسیران وسابق اسیران افئیرز اتھارٹی کے مطابق نقب جیل میں اسیران کے درمیان کرونا وائرس کے چار نئے کیسز سامنے آئے جبکہ تنظیم اسیران معلوماتی آفس کے مطابق رامون جیل میں تین مریضوں کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ان نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعداسرائیل کی رامون جیل میں فلسطینی اسیران میں کورونا مریضوں کی تعداد 36 تک پہنچ گئی اور تمام اسرائیلی جیلوں میں مقید فلسطینی اسیران میں کورونا کیسز کی تعداد 249 تک پہنچ گئی۔اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) میں اسیران کے منتظم موسیٰ دودن نے اسرائیلی جیل انتظامیہ کی جانب سے فلسطینی اسیران کی زندگی کو خطرے میں ڈالے جانے سے متنبہ کیا ہے۔دودن کے مطابق اسرائیلی انتظامیہ نے تمام خطرات اور انسانی حقوق کے مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسیران کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو اسیران کی زندگی کا ذمہ دار قرار دیا۔اسرائیلی انتظامیہ اسیران کی جیل میں صورتحال کو نظر انداز کرتی ہے جس کی وجہ سے اسیران کو جراثیم کش ادویات،صفائی کا سامان اور ماسک وغیرہ کا انتظام خود کرنا پڑتا ہے۔اسرائیل کی جیلوں میں 4200 فلسطینی قید ہیں جن میں 700 افراد کسی نہ کسی بیماری میں مبتلا ہیں۔ ان میں سے 40 افراد موذی امراض میں مبتلا ہیں۔