عالمی نمبر ون ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ اپنے ملک پہنچ گئے۔

عالمی نمبر ون سربین ٹینس اسٹار آسٹریلیا سے ڈی پورٹ ہونے کے بعد اپنے ملک پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔ نوواک جوکووچ آسٹریلیا سے ملک بدر ہونے کے بعد پہلے دبئی پہنچے جس کے بعد اب وہ اپنے ملک سربیا پہنچ گئے ہیں۔ بلغراد ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کے فینز کی جانب سے چیمپئن چیمپئن کے نعرے لگائے گئے جبکہ فینز نے ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ واضح رہے کہ سربین وزیر اعظم نے ان کے ساتھ آسٹریلین حکام کے روہے کو مکروہ قرار دیا ہے۔ خیال رہے کہ نوواک جوکووچ سال کے پہلے آسٹریلین اوپن میں شرکت کے لیے دو ہفتے قبل میلبرن پہنچے تھے مگر انہیں حکام کی جانب سے کورونا ویکسین نہ لگوانے پر اجازت نہیں دی گئی تھی۔ انہوں نے خود کو طبی بنیادوں پر ویکسین سے استشنی قرار دیا تھا جبکہ اجازت نہ ملنے پر انہوں نے عدالت سے بھی رجوع کیا لیکن انہیں کامیابی نہ مل سکی اور دونوں مرتبہ عدالت نے ان کی درخواستوں کو خارج کردیا جس کے بعد انہیں ملک بدر کیا گیا ہے۔ عدالت کی جانب سے فیصلہ سامنے آنے کے بعد جوکووچ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ فاضل عدالت کا احترام کرتے ہیں اور متعلقہ حکام سے تعاون کریں گے۔دوسری جانب آسٹریلوی امیگریشن کے وزیر الیکس ہاک کا کہنا تھا کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے اور نوواک جوکووچ کے ویزے کی منسوخی کا فیصلہ مفاد عامہ اور صحت کی وجوہات کی بنا پر کیا گیا ہے۔