اسٹیٹ بینک بل سینیٹ سے جلد پاس کرالیں گے، مافیاز کیخلاف لڑنا مشکل ہے: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک بل کو سینیٹ سے جلد پاس کرالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بتایا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں دو بلین ڈالرز کی ویکسین شامل ہے۔ کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ زیادہ ترعلاقوں میں کھاد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوریا کی پیداوار ملکی تاریخ کی بڑی پیداوار ہے تاہم انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں یوریا کی طلب زیادہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر یوریا کی قیمت پاکستان سے چھ گنا زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 2018 تک درختوں اور گرین ایریا کی کمی ہورہی تھی جب کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ شہروں کا ماسٹر پلان جلد مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے متعلقہ شعبے میں مفادات والے افراد کو قائمہ کمیٹی میں شامل نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ رواں سال گردشی قرضوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو بجلی کے ترسیلی نظام کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں کہا گیا کہ کاروباری افراد کو اسٹینڈنگ کمیٹی کا ممبر نہ بنایا جائے۔