لاہور: الیکشن میں 7 روز باقی رہ گئے اور تمام سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم بھی عروج پر پہنچ گئی، اسی سلسلے میں مختلف شہروں میں پنڈال بھی سجا دیے گئے ہیں۔
تحریک انصاف آج لاہور کے علاقے شاہدرہ، ملتان اور جہلم میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور پارٹی چیئرمین عمران خان جلسوں کے دوران جوش خطابت دکھائیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے آج راجن پور میں پنڈال سجایا گیا ہے اور جلسے کے لیے تمام تیاریاں بھی مکمل کی جاچکی ہیں، (ن) لیگ کے صدر شہباز شریف کارکنان کا لہو گرمائیں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی پنجاب کے مختلف علاقوں میں عوام کا لہو گرمائیں گے، وہ آج گجرات، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا اور جہلم میں کارکنان سے خطاب کریں گے۔ متحدہ مجلس عمل ڈیرہ اسماعیل خان میں انتخابی جلسہ سجائےگی جس سے مولانا فضل الرحمان اور سراج الحق خطاب کریں گے۔ پاک سرزمین پارٹی آج حیدرآباد میں انتخابی ریلی نکالے گی جس سے پارٹی چیئرمین مصطفیٰ کمال اور صدر انیس قائم خانی قیادت کریں گے۔