لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی نے گرمی کی چھٹی کرادی، لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، کئی علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جبکہ کچھ علاقوں میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، سب سے زیادہ بارش اسلام آباد میں ساٹھ ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، ٹوبہ ٹیک سنگھ انچاس، راولپنڈی چھتیس، جہلم سترہ اور فیصل آباد میں تیرہ ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار تک مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران پشاور، کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپورڈویژن، ژوب، قلات ڈویژن،میرپورخاص ڈویژن، گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔