یورپی یونین ایٹمی معاہدے کے تحت ایرانی مفادات کی ضمانت دینے کو تیارہے۔ فیڈریکا موگرینی
یورپی یونین کے امور خارجہ کی انچارج فیڈریکا موگرینی نے کہا ہے کہ یورپی یونین ایٹمی معاہدے کے تحت ایران کے مفادات کی ضمانت دینے کو تیار ہے۔برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ اقتصادی چینل کھلے رکھے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے ایران کے ساتھ اقتصادی چینل کھلے رکھے جانے کے طریقہ کار کو دلچسپ قرار دیتے ہوئے کہا یہ کام اس بات کی ضمانت فراہم کرسکتا ہے کہ ایران ایٹمی معاہدے کے فوائد حاصل کرتا رہے گا۔انہوں نے امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں سے یورپی ملکوں کو مستثنی قرار دینے سے انکار کرنے پر بھی کڑی نکتہ چینی کی۔ فیڈریکا موگرینی کا کہنا تھا کہ اگرچہ عالمی معیشت اور مالیاتی نظام میں امریکہ کا وزن کافی زیادہ ہے تاہم یورپ ایٹمی معاہدے کو محفوظ رکھنے کا پختہ ارادہ رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایٹمی معاہدے کو اپنی ، علاقے اور دنیا کی سلامتی کے حوالے سے اہم سمجھتی ہے لہذا اس کو باقی رکھنے کے لیے جوکچھ اس کے بس میں انجام دینے کے لیے ہوگا وہ اس کے لئے تیار ہے۔