انتخابی مہم اور پولنگ ڈے کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری
نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی زیرصدارت سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں اورامن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا، ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا ہے کہ فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن کے پولنگ سٹیشنز پر ضروری سہولتیں فراہم کردی گئی ہیں، تینوں ڈویژنز میں مجموعی طور پر چودہ ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ پولنگ سٹیشنز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکانزم تشکیل دیا گیا ہے۔ پولنگ سٹیشنز کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ہوگی۔انتخابی مہم اور پولنگ ڈے کے دوران بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ اور آتش بازی پر پابندی کی خلاف ورزی کے واقعات قطعاً برداشت نہیں کئے جائیں گے، ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی، حسن عسکری نے الیکشن ڈے پر پرامن ووٹنگ کیلئے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت دی، ضابطہ اخلاق کی پابندی شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے انتہائی اہم ہے، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ کو تینوں ڈویژنز کے پولنگ سٹیشنز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔