بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے بچن کورونا کے باعث ہسپتال منتقل

سابق ملکہ حسن اور بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ایشوریہ رائے بچن اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کو کورونا وائرس کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بالی وڈ اداکارہ ایشوریہ رائے اور ان کی بیٹی ارادھیا بچن کو جمعہ کے روز ممبئی کے نانا وتی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ دونوں کے 12 جولائی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس کے بعد انہیں گھر میں قرنطینہ کردیا گیا تھا تاہم اب انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ اس سے قبل ایشوریہ رائے کے شوہر اور بالی وڈ اداکارابھیشک بچن اور سسر امیتابھ بچن کو بھی کورونا کی وجہ سے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب امیتابھ بچن کی اہلیہ اور ابھیشیک بچن کی والدہ جیا بچن اور ان کی بیٹی شویتا کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا ۔ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے اداکار ابھیشک بچن نے آگاہ کیا تھا کہ میں اور میرے والد نے ہلکی علامات ظاہر ہونے پر کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرایا جو کہ مثبت آگیا ہے اور ہم اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام مطلوبہ حکام کو آگاہ کردیا ہے اور ہمارے اہل خانہ اور عملہ کا ٹیسٹ لیا جارہا ہے۔ میری سب سے گزارش ہے کہ پرسکون رہیں نہ گھبرائیں۔ واضح رہے کہ بھارت کورونا سے متاثرہ ممالک میں تیسر ے نمبر پرآچکا ہے، بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 26ہزار285 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔