میرپورمیں شادی ہال کی عمارت زمین بوس ، 70سے زائدافراد ملبے تلے دب گئے

میرپور آزاد جموں و کشمیر چکسواری کے علاقے میں شادی ہال کی تین منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم 3 افراد ہلاک جبکہ 70 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے۔ تفصیلات کے مطابق شادی ہال کی عمارت جمعہ کےروز دوپہر کے وقت منہدم ہوگئی تھی ، واقعے کے فورابعد پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیاں شروع کیں جو تاحال جاری ہیں ۔ عمارت گرنے کے بعد کم از کم 70 افراد ملبے تلے دب گئے تھے جبکہ اب تک تین افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں ، جاں بحق ہونے والوں میں شادی ہال کا مالک ندیم اور اس کا بیٹا بھی شامل ہیں۔آج صبح پاک فوج کے ذریعہ امدادی کارروائیوں کا دوبارہ آغاز کیا گیا جس کے بعد سے اب تک 21 افراد کو زندہ نکالا جاچکا ہے جبکہ تین افراد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ خیال رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب 50 سے زائد مزدور میرپور کے چکسواری علاقے میں شادی ہال کی عمارت کی تزئین و آرائش کے لئے کام کر رہے تھے۔