چینی کمپنی کی کے الیکٹرک خریدنے،نظام کی بہتری کیلئے9ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی پیشکش بر قرار ہے۔ ہمایوں اختر خان

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ چینی کمپنی شنگ ہائی کی2016ء میں کراچی الیکٹرک کو خریدنے اور اس کے پیداواری، ترسیلی اورتقسیم کے نظام کی بہتری کیلئے9ارب ڈالر کی خطیر سرمایہ کاری کی پیشکش آج بھی بر قرارہے، مسلم لیگ (ن) میں اس وقت مستقبل کی قیادت کے حوالے سے جنگ عروج پر ہے اور پارٹی میں دھڑوں کے آگے دھڑے بنے ہوئے ہیں،سیاسی طور پر بیروزگار اپوزیشن صرف واویلا کر رہی ہے اور 2023ء تک ان کی قسمت میں یہی کچھ لکھا ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ملاقات کیلئے آنے والے انصاف ویلفیئراور یوتھ ونگزکے رہنماؤں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ حکومت کی ناکامی اورمسائل کو وفاقی حکومت کے کندھوں پر ڈالناچاہتی ہے جو نا انصافی ہے، وزیراعظم عمران خان نے کراچی کی عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو تقسیم کار کمپنیاں سر کلر ڈیٹ میں اضافے کاسبب بن رہی ہیں ان کی نجکاری میں کوئی حرج نہیں، 2016ء میں چین کی جس کمپنی نے کے الیکٹرک کو خریدنے کی خواہش اور اس کے مجموعی نظام میں بہتری کے لئے9ارب ڈالر کی خطیر رقم کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی تھی وہ آج بھی اس پر قائم ہے۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) حکومت کی فکر چھوڑکر اپنی فکر کرے کیونکہ مستقبل کی قیادت کے حوالے سے شریف خاندان میں جنگ چھڑی ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کے ووٹوں سے اقتدارمیں آئی ہے اور اپوزیشن کی انوکھی خواہش پروسط مدتی انتخابات کا کوئی جوازنہیں۔