افغانستان میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک تمام دھڑے آپس میں نہ مل بیٹھیں ; وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری

وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں اس وقت تک امن قائم نہیں ہو سکتا جب تک تمام دھڑے آپس میں نہ مل بیٹھیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان میں کچھ عناصر دہلی سے تعلقات چاہتے ہیں، افغانستان کی سرحد دہلی سے نہیں پاکستان سے ملتی ہے۔وفاقی وزیرنے کہا کہ ہندوستان افغانستان میں اپنا دہشت گرد نیٹ ورک رکھنا چاہتا ہے، اگر افغانستان میں امن آتا ہے تو ہندوستان کا دہشت گرد نیٹ ورک ختم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے افغانستان کے ساتھ سرحدکے 90 فیصد علاقے پر باڑ لگا دی ہے۔اوراس مرتبہ اگر افغان مہاجرین کی آمد ہوئی تو پہلے کی طرح نہیں ہوگی، افغان مہاجرین کے لئے الگ بندوبست کریں گے، پہلے کی طرح کھلی چھٹی نہیں دیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مجموعی طور پر 45 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، پی پی پی کے 8 اور ن لیگ کے 15 امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں، ان دونوں جماعتوں کے پاس امیدوار ہی پورے نہیں جس کی وجہ سے یہ دھاندلی کا شور مچا رہی ہیں۔