داسو سانحہ کی تحقیقات کیلئے چینی تحقیقاتی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے، ترجمان دفتر خارجہ

داسو پاور پراجیکٹ پر چینی ٹیم کا دور ے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ 14 جولائی کو داسو میں پیش آئے افسوسناک سانحہ کی تحقیقات کیلئے 15رکنی چینی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ داسو بس حادثے کی تحقیقات کیلئے 15رکنی چینی ٹیم پاکستان کے دورے پر ہے جس میں چینی وزارت خارجہ کامرس تکنیکی ماہرین اور کرمنل انویسٹیگیشن ماہرین شامل ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ روز چینی وفد نے تمام متعلقہ حکام سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستانی وفد کی سربراہی سیکرٹری داخلہ جبکہ چینی وفد کی سربراہی چینی سفیر نے کی۔ ملاقات میں دونوں اطراف سے واقعے پر اظہار افسوس کیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملاقات میں چینی وفد کو واقعے کے بعد حالیہ پیش رفت اور زخمیوں کے علاج سے متعلق بریف کیا گیا ۔ملاقات کے بعد چینی وفد نے زخمیوں سے ملاقات کیلئے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کیا۔ چینی وفد نے داسو میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا جہاں پاکستانی تحقیقاتی ٹیم نے بریف کیا۔ چینی وفد نے اس حوالے سے پاکستانی کاوشوں کو سراہا