افغان سفیر کی بیٹی کے اغواء میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائیگا: وزیر داخلہ شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی اغواء کرکے اور پھر چھوڑ دینے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ اور اس واقعے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔اتوار کے روز اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی سلسلہ عل خیل کی تحریری درخواست پر کل رات ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اس واقعے میں ملوث افراد کی جلد از جلد گرفتاری کے حوالے سے نہایت واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہوئے اس واقعے کو بین الاقوامی برادری کوگمراہ کرنے کے لئے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہوتے ہی میڈیا کو اس کے نتائج سے آگاہ کیا جائے گا۔ داسو واقعہ جس میں متعدد چینی شہری ہلاک ہوئے کے حوالے سے وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستانی اور چینی ادارے مشترکہ تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پندرہ رکنی چینی ٹیم نے واقعے کی جگہ کا دورہ کیا اور پاکستانی اداروں کے کو سراہا۔