پاک افغان بارڈر پر گیٹ کی تعمیر کےباعث پیدا ہونے والی کشیدگی سے بند ہونےوالاطورخم بارڈر کھول دیا گیا

پولیٹیکل انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پاک افغان بارڈر کھولنے کا فیصلہ پاکستان اور افغانستان کے سیکیورٹی حکام کے مابین اعلٰی سطح اور اہم اجلاس کے بعد کیا گیا، پاکستان کی جانب سے میجر توفیق اور کیپٹن وہاب اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ افغانستان کی جانب سے کرنل نثار اور دیگر حکام نے شرکت کی، پاکستان کی جانب سے افغان حکام کو بتایا گیا کہ افغانستان سے کوئی بھی شخص سفری دستاویزات اور دیگر لوازمات پورے ہونے پر پاکستان آ سکتا ہے، اجلاس میں دیگر اہم معاملات بھی زیرغور آئے، پاکستان کی جانب سے واضح کیا گیا کہ فائرنگ کا واقعہ کسی بھی صورت قابل قبول نہیں
پاکستان نے واضح کیا کہ دونوں اطراف سے مکمل طور پر امن وامان برقرار رکھنا ہوگا، جبکہ بارڈر قوانین کی مکمل پاسداری بھی کرنا ہوگی، بدامنی دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں، افغان فورسز کی فائرنگ سے امن کو نقصان پہنچا، آئندہ ایسے واقعات کو روکنا ہوگا، اس موقع پر دونوں ممالک کے حکام کے مابین پرامن رہنے اور امن وامان برقرار رہنے پراتفاق کیا گیاپاک افغان بارڈر کھلنے پر دونوں اطراف میں پھنسے افراد اور ٹرانزٹ ٹریڈ کے ٹرک ڈرائیورز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، انہوں نے بارڈر کھولے جانے کے اقدام کو خوب سراہا