پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتاہے:شاہ محمودقریشی
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے جو برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں امریکہ کے وزیرخارجہ مائیک پومپیو کوٹیلی فون کیا اوردوطرفہ تعلقات اورعلاقائی امن وسلامتی پرتبادلہ خیال کیا۔شاہ محمودقریشی نے اپنے امریکی ہم منصب کو قومی لائحہ عمل پرعملدرآمداوراقتصادی بحالی کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے مالیاتی ایکشن ٹاسک فورس کے لائحہ عمل پرعملدرآمدکے لئے پاکستان کے اقدامات کے بارے میں بھی بتایا۔اس حوالے سے انہوں نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے خاتمے کیلئے وضع کئے گئے موثرطریق کارکے بارے میں بھی بتایا۔دونوں ملکوں نے افغانستان میں مصالحتی عمل کے بارے میں تبادلہ خیال کیااورعلاقے میں دیرپا قیام امن کے لئے کام کرنے کے عزم کااعادہ کیا۔وزیرخارجہ نے پرامن افغانستان کی اہمیت پرزوردیاجوعلاقائی امن واستحکام کے لئے ناگزیرہے۔انہوں نے اس سلسلے میں مثبت کردار اداکرنے اور افغانوں کے درمیان مذاکرات کی حمایت کے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اورمثبت روابط کے لئے افغانستان پاکستان لائحہ عمل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان اپنے تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتاہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے مذاکرات اور روابط کے ذریعے تمام حل طلب تنازعات کوترجیحی بنیاد پرحل کرنے کی ضرورت پربھی زوردیا۔