معروف امریکی اداکار جارج کلونی کے نام سے لوگوں کو لوٹنے والاشخص گرفتار
معروف امریکی اداکار جارج کلونی کے نام سے لوگوں کو دھوکا دے کر دولت کمانے والا اطالوی ہفتے کے روز تھائی لینڈ میں گرفتار کر لیا گیا۔ وہ 2013 سے انٹرپول کو مطلوب تھا۔ تفصیلات کے مطابق 58 سالہ Francesco Galdelli اپنی 45 سالہ بیویVanja Goffi کے ساتھ 2014 سے اطالیہ سے 8700 کلو میٹر دُور واقع ملک تھائی لینڈ میں مقیم تھا۔ تھائی لینڈ کی پولیس نے اطالوی پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں اطالوی Bonnie and Clyde کے نام سے معروف جوڑے کو گرفتار کر لیا۔ اس عُرفیت کی وجہ یہ ہے کہ اطالوی جوڑے کی کہانی ایک امریکی اور اس کی دوست کے قصے سے ملتا جلتا ہے جو امریکا میں بینکوں سے رقوم کے سرقے میں ملوث رہے۔ ہالی ووڈ نے 1967 میں ان کے بارے میں مشہور فلم تیار کی۔ اطالوی جوڑے کی گرفتاری کی وڈیو سے معلوم ہوتا ہے کہ پولیس نے انہیں تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک سے 150 کلومیڑ دور واقع شہرPattaya کے نواحی علاقے سے گرفتار کیا۔ جارج کلونی نے 2010 میں فرانسسکو کے خلاف دعوی دائر کیا تھا۔ اس سے قبل فرانسسکو نے کلونی کو بتایا تھا وہ کپڑوں کا ایک برانڈ متعارف کروانے جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تشہیر کے لیے وہ کلونی کا نام استعمال کرے گا۔ کپڑے فروخت کرنے والی مذکورہ کمپنی نے اپنے اشتہارات میں دعوی کیا تھا کہ اس نے کمپنی کے قیام کے لیے کلونی کی رضامندی حاصل کر لی ،،، اور کمپنی کے مالکان کلونی کے دوستوں میں سے ہیں۔ اسی واسطے فرانسسکو اور اس کی بیوی نے کلونی کے ساتھ اپنی جعلی تصاویر کو تشہیر کے واسطے استعمال کیا۔ کلونی نے اپنے قانونی دعوے میں باور کرایا کہ انہوں نے مذکورہ اطالوی جوڑے کو اس بات کی اجازت نہیں دی تھی کہ ان کا نام تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔ کلونی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان تصاویر میں نظر آنے والا شخص وہ خود نہیں ہیں۔ کلونی کے مطابق اس کے ہاتھ میں سگریٹ ہے جب کہ وہ سگریٹ نوشی نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "یہ میری گھڑی نہیں اور نہ میں یہ پتلون پہنتا ہوں"۔ پولیس نے گذشتہ روز پیر کو انکشاف کیا کہ فرانسسکو اور اس کی بیوی دھوکہ دہی کی مزید کارروائیوں میں بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے تھائی لینڈ میں جعلی رولیکس گھڑیاں فروخت کیں۔ رپورٹوں کے مطابق اس جوڑے نے خریداروں کو قیمتی گھڑی کے بجائے نمک بھیج دیا۔ فرانسسکو نے گرفتاری کے بعد پوچھ گچھ کے دوران اس مجرمانہ کارروائی کا اعتراف کیا اور جورج کلونی کے نام سے جعل سازی اور دھوکہ دہی کو بھی تسلیم کیا۔