سابقہ حکومتوں نے معیشت کو بھی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں نے اپنی مفاد پرست پالیسیوں کے سبب نہ صرف پاکستان کو قرض کی دلدل میں دھکیلا بلکہ ملکی معیشت کو بھی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا۔ ہم پاکستان کو اس دلدل سے نکال کر خود انحصاری کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے ہمیں بیرون ممالک مقیم پاکستانی کمیونٹی کا تعاون درکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آزادنہ خارجہ پالیسی کے لئے ہمیں معاشی طور پر مستحکم ہونا ہو گا۔ اسی مقصد کے لئے ہم نے معاشی سفارتکاری کا آغاز کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے نئی ویزہ پالیسی متعارف کروائی ہے تاکہ کاروباری حضرات کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ ای ویزہ کی سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ شاہ محمود قریشی نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پاکستان میں سرمایا کاردوست پالیسیوں سے استفادہ کرنے کی دعوت بھی دی۔