انگلینڈ کا افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں آج کھیلے جا رہے میچ میں میزبان انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلس کپتان آئن مورگن نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ انگلینڈ کے کپتان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دو روز کے موسم کی وجہ سے یہ وکٹ بیٹنگ کے سازگار ہوگی۔ انگلینڈ کی ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں انجری کے شکار جیسن رائے اور لیام پلنکٹ کی جگہ جیمز وینس اور معین علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ افغانستان کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں ۔ حضراللہ زازئی، حامد حسن اور آفتاب عالم کی جگہ نجیب اللہ زدران، مجیب الرحمٰن اور دولت زدران کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی بھی آج مانچسٹر میں اپنی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے موجود ہوں گے۔ اشرف غنی اپنی ٹیم سے ملیں گے اور میچ دیکھیں گے۔ آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ میزبان انگلینڈ کے خلاف میچ کے موقع اشرف غنی اولڈ ٹریفورڈ پہنچیں گے۔ افغانستان کی ٹیم اب تک ایونٹ میں چار میچ کھیل چکی ہے اور تمام میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ ورلڈکپ کی فیورٹ انگلینڈ کو چار میں سے تین میچوں میں کامیابی اور ایک میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔