صدرعلوی کاچین کیساتھ دوطرفہ تعلقات کوتمام شعبوں میں نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کااعادہ
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو تمام شعبوں میں نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کااظہار چین کی پیپلز لبریشن آرمی کی بری فوج کے کمانڈر جنرل ہان وائیگو سے باتیں کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ پاک چین دوستی کی پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم سنگ میل کے طورپر اہمیت اجاگر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان دفاعی اور معاشی شعبوں میں تعلقات خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پرزور دیا۔ صدر نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیر سمیت قومی سلامتی اور علاقائی سا لمیت سے متعلق اپنے معاملات پر چینی حمایت کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر یقین دلایا کہ پاکستان ایک چین پالیسی کا بھرپور حامی ہے۔ صدر نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام جاری منصوبوں پر پیشرفت پر اطمینان کااظہار کیا اور اس بات پر زوردیا کہ پاکستان میں چین کے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔اس سے قبل صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جنرل Han Weiguo کو نشان امتیاز ملٹری عطا کیا