سعودی عرب : ماسک نہ پہننے پر بڑی سزا کا اعلان
سعودی حکومت نے کرونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر ( ایس او پیز) پر عمل نہ کرنے والے ملازمین کو سخت سزائیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت انصاف نے دفاتر میں مصافحہ کرنے اور ماسک نہ پہننے والے ملازمین کیلئے سزائیں مقرر کی ہیں۔ وزارت نے اتوار 21 جون 29 شوال سے تمام سرکاری و نجی دفاتر کی مکمل بحالی کی صورت میں کورونا سے بچاؤکے لیے مقرر حفاظتی اقدامات کی پابندی نہ کرنے والے ملازمین کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت انصاف نے بیان میں کہا کہ اجتماعات اور تقریبات کا انعقاد منع ہے، خلاف ورزی پر دسویں گریڈ اور اس سے کم درجے کے ملازمین کی کم از کم ایک ماہ کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔ گیارہویں گریڈ یا اس سے اوپر گریڈ کے ملازمین کو سالانہ الاؤنس سے محروم کردیا جائے گا۔