بھارت کی دہشتگرد تنظیموں کی حمایت بے نقاب کرتے رہیں گے: کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: کور کمانڈر کانفرنس میں دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بھارت کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کی کھلے عام حمایت کو بے نقاب کیا جاتا رہے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں افغان امن عمل پر مثبت پیشرفت اور اس کے اثرات پر بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مغربی سرحد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس نے قومی اداروں کے ذریعہ مغربی سرحد پر صورتحال معمول پر رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھنے پر اتفاق جبکہ بھارتی جارحانہ عزائم کا بھی جائرہ لیا۔ فوجی سربراہان نے ملک میں تشدد کے واقعات میں کمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشتگرد تنظمیوں کی کھلم کھلا حمایت، معصوم کشمیریوں اور مسلمانوں پر ظلم وتشدد کو بے نقاب کرنے کا عمل جاری رکھا جائے گا۔