کراچی کے مختلف علاقوں میں آج سے 2 ہفتوں کا لاک ڈاؤن ہوگا
کورونا سے بچاؤ کی نئی حکمت عملی کے تحت کراچی کے حساس علاقوں میں 2 جولائی تک لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق آج شام سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کے باعث ملک کے کئی شہروں میں کورونا سے متاثر علاقے سیل ، متعدد آج بند کیے جائیں گے۔ کراچی کی 41 یونین کونسلز میں شام 7بجےسے2 جولائی تک سخت لاک ڈاؤن رہے گا ۔ کراچی کے جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں کراچی کے ضلع شرقی، غربی اور ضلع کورنگی کی 41 یونین کونسلز شامل ہیں ، تمام علاقوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے سیل کیا جائے گا۔ ضلع غربی میں 13 یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاون کیا جائے گا ۔ ضلع شرقی کے علاقے جمشید ٹاون میں بھی لاک ڈاؤن سخت ہوگا ۔ محمد علی سوسائٹی، بہادر آباد، عیسیٰ نگری، میں اسمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ گلشن اقبال، صفورا گوٹھ،عسکری فور، گلستان جوہر بلاک 13، طارق روڈ ، پی ای سی ایچ ایس بلاک دو اورچھ شامل ہیں۔ یوسی 10 مارٹن کوارٹرز، فاطمہ جناح کالونی بھی ضلع شرقی میں شامل ہیں ، تین ہٹی، اور بجلی گراونڈ، جہانگیر روڈ ایک اور دو نمبر، یوسی 12سولجر بازار اور نمائش ایریا بھی سیل ہونے والے علاقوں میں شامل ہیں۔ ضلع کورنگی کی یونین کونسلز ناتھا خان گوٹھ، کھوکھراپار، بھٹائی کالونی، زمان ٹاون، چکراگوٹھ کورنگی، لانڈھی، ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں لاک ڈاون کیا جائے گا۔ دیگر علاقوں میں ناصر کالونی، عوامی کالونی، ماڈل کالونی، الفلاح، ڈرگ روڈ اور ایئرپورٹ شامل ہیں۔ نوٹی فکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آنے اور جانے والوں کو ماسک لگانا لازمی ہوگا، لاک ڈاون کے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ اور ڈبل سواری کی پابندی ہو گی۔ان علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی تاہم اشیا خورو نوش اور میڈیکل اسٹورز شام 7 بجے تک کھولے جاسکیں گے ۔ لاک ڈاؤن والے علاقے میں گھر سے ایک فرد کو سامان کی خریداری کی اجازت ہوگی اورگھر سے نکلنے کی وجہ بتانا ہوگی، متاثرہ علاقوں میں دوسرے اضلاع کے رہائشیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ان علاقوں میں ہوم ڈلیوری کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ گھروں پر تقاریب بھی منعقد نہیں کی جاسکیں گی، اور خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا اقدام حکومت کرے گی، موبائل ڈسپنسری اور موبائل یوٹیلٹی اسٹور کا اقدام بھی حکومت ہی کرے گی۔ کراچی کے علاوہ حیدر آباد میں بھی 80سے زائد علاقوں میں کل صبح 9بجے سے لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے بعد مختلف شہروں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے ، لاہور میں 9زونز کو ہاٹ سپاٹس قرار دے کر سیل کر دیا گیا، جبکہ اسلام آباد میں آئی ایٹ تھری، فور،آئی ٹین ون سمیت متعدد علاقےسیل ، فیصل آباد میں 23علاقوں کو ہاٹ سپاٹس قرار دے کر بند کیا گیا ۔ فیصل آباد میں پہلےمرحلے میں17علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ پشاور کی یوسی آسیہ،شنواری ٹاؤن،سیکٹر ایف تھری،فیز فائیو ، حیات آباد سمیت 7علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن ہوگا ۔ گوجرانوالہ کے 6 علاقوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے ۔ کوئٹہ میں بھی کورونا وائرس سے زیادہ متاثر 20 یونین کونسلوں کی نشاندہی کی گئی ہے، جس پر حکومت بلوچستان نے بھی آئندہ 2 روز میں ان علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔