شاہ محمود قریشی نے کوروناوائرس کی وجہ سے روس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی
پاکستان اور روس نے علاقائی تناظر میں اہم دوطرفہ ایجنڈے اور قریبی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔ روس کے وزیرخارجہ سرگئی لیوروف کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے زوردیا کہ پاکستان روس کو ایک اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور اس کے ساتھ طویل مدتی اور کثیر جہتی شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے کوروناوائرس کی عالمی وبا ،کثیر جہتی امور پر تعاون دوطرفہ تعاون میں اضافے کے پہلووں اور علاقائی امور سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کوروناوائرس کی وجہ سے روس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔ وزیر خارجہ نے روسی ہم منصب کووزیراعظم عمران خان کی ترقی پذیر ملکوں کےلئے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کےلئے عالمی اقدام کے بارے میں اپیل سے آگاہ کیا۔ روسی وزیر خارجہ نے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کی حمایت کرتے ہوئے اس حوالے سے مثبت کردار ادا کرنے کایقین دلایا۔ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بھارتی فوج کی جانب سے جاری دوہرے لاک ڈاون ،پرتشدد فوجی کارروائیوں اور مقبوضہ وادی میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی سازشوں پر گہری تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے اس سنگین صورتحال کو ختم کرنے کےلئے فوری اقدامات کی اہمیت پر زوردیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے حالیہ مثبت پیشرفت کے تناظر میں افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے افغانوں کے زیر قیادت امن عمل کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیاا ور امریکہ طالبان امن معاہدے کےلئے پاکستان کے مثبت کردار پرزور دیا۔