اقتصادی راہداری دوسرامرحلہ،ملک کےبنیادی ڈھانچے کی تشکیل نو میں مدد ملےگی،عاصم باجوہ

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے چیئرمین ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہاہےکہ اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے سے ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تشکیل نو میں مدد ملے گی۔ جمعرات کے روز ٹیکسلا میں سی پیک اتھارٹی اور چینی کمپنیوں کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بڑے منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا ہے جو خصوصی اقتصادی زونز میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو مزید سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گا۔ چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ معاہدے سے بڑے منصوبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے کے تحت نئی ریلوے لائنز بچھائی جائیں گی اور موجودہ پٹڑی کو توسیع دی جائے گی جس سے پاکستان ریلوے کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔