بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا رکن منتخب

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 2021 اور 2022 کے لیے 4 نئے اراکین منتخب ہوگئے جبکہ کینیڈا کو ایک مرتبہ پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ افریقہ کی نشست کا فیصلہ دوسرے مرحلے میں ہوگا۔فرانسیسی خبررساں ادارے 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق بھارت، میکسیکو، ناروے اور آئرلینڈ، سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہوئے ہیں جبکہ جمہوریہ جبوتی اور کینیا دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام ہوگئے۔
جبوتی اور کینیا آج (جمعرات) سلامتی کونسل کی رکنیت کے دوسرے مرحلے میں حصہ لیں گے۔طویل اور بہترین مہم کے باوجود مغربی نشستوں میں سے ایک پر آئرلینڈ اور ناروے نے ایک مرتبہ پھر کینیڈا کو شکست دے دی جس کے نتیجے میں وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو دھچکا لگا۔
الیکشن میں ایشیا پیسیفک سے بھارت نے حصہ لیا تھا 192 ممالک میں سے 184 ووٹ دیے گئے۔خیال رہے کہ بھارت سلامتی کونسل میں مستقل نشست جیتنے کی ناکام کوشش کررہا ہے اور یہ رکن کی حیثیت سے بھارت کا آٹھواں دور ہوگا۔