وزیر منصوبہ بندی کا قوم پر کورونا وبا کا مقابلہ کرنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور
منصوبہ بندی کے وزیر اسد عمر نے کورونا وائرس کی عالمی وباء کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے قوم کی طرف سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ وہ جمعرات کی شام اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات شبلی فراز کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کو بریفنگ دے رہے تھے۔ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے آکسیجن بیڈز کے حصول میں صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے۔ وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ بیس شہروں میں کورونا کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کے بار ے میں لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے حوالے سے صوبوں سے مشاورت کی گئی ہے۔