وزیرخارجہ کی فلسطینی ہم منصب سے ملاقات, دو طرفہ تعلقات ، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطینی وزیر خارجہ ڈاکٹر ریاض المالکی کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فلسطینی و زیر خارجہ نے فلسطین میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین کا مسئلہ مشرق وسطی میں بے چینی کی بنیادی وجہ ہے۔ پاکستان، 1967 سے قبل کی سرحدی صورت حال اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی حمایت کرتا ہے ۔ وزیرخارجہ نے فلسطین کے مسئلے پر او آئی سی اور عرب لیگ کی کاوشوں کو سراہا ۔فلسطینی وزیر خارجہ نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کے واضح، دو ٹوک اور اصولی موقف پر پاکستان کی قیادت اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔