ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے: راحیل شریف

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم ٹریننگ سنٹر کا دورہ کیا جہاں پاک فوج کے تربیت یافتہ پانچ سو اہلکاروں کے پہلے بیج نے انسداد دہشت گردی کی تربیت مکمل کی۔ تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں میں سے دو سو اہلکاروں کا تعلق پولیس اور ایلیٹ فورس، دو سو ایف سی اور رینجرز جبکہ ایک سو کا تعلق ایس پی ڈی، پی اے ایف اور نیوی سے ہے۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تربیت سے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں مدد ملے گی اور دہشت گرد جہاں چاہیں چھپ جائیں، انہیں ڈھونڈ نکالیں گے۔ چاہے وہ شہر ہوں یا دور دراز کے علاقے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ عوام بھی اپنی صفوں میں چھپے دہشت گردوں کی نشاندہی کریں۔ ملک کو ہر قسم کی دہشت گردی سے پاک کریں گے اور قانوں نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردوں کے خلاف آپس میں تعاون کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھیں۔۔